ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں کے مظاہرہ کو کانگریس نے قرار دیا حق بجانب، کہا؛ مودی حکومت نے ہر طرح سے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے

کسانوں کے مظاہرہ کو کانگریس نے قرار دیا حق بجانب، کہا؛ مودی حکومت نے ہر طرح سے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے

Tue, 13 Feb 2024 22:07:15    S.O. News Service

نئی دہلی، 13/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)کسانوں کے مظاہرہ کو کانگریس نے حق بجانب قرار دیتے ہوئے   کسان تنظیموں کے  ’دہلی چلو مارچ‘ کو حمایت دینے کا اعلان کیاہے۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگےسمیت کئی دیگر پارٹی لیڈران نے بھی اس سلسلے میں اپنے بیانات دیے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت راہل گاندھی نے منگل کو  امبیکاپور منڈی میں کسانوں سے بات چیت کی کیونکہ آج ملک کے کسان، خاص طور سے پنجاب و ہریانہ سے، وزیر اعظم کے ذریعہ 2021 کے نومبر میں تین سیاہ زرعی قوانین کو واپس لیتے وقت دی گئی یقین دہانیوں کو پورا نہ ہونے کے خلاف نئی دہلی تک مارچ کر رہے ہیں۔‘‘

اپنے پوسٹ میں جئے رام رمیش نے کسان تحریک کو کچلنے کے لیے ہو رہی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا اور لکھا کہ ’’دہلی پولیس اور ہریانہ پولیس کے ذریعہ کسانوں کو پریشان کرنے اور انھیں ان کے جائز حقوق کا استعمال کرنے سے روکنے کے لیے جن طریقوں کا استعمال کیا جا رہا ہے، وہ بے حد غیر جمہوری ہے اور مودی حکومت کی کسان مخالف ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’کسان تحریک کے لیے وجہ واضح ہیں۔ چاہے وہ سرمایہ داروں کی مدد کے لیے اراضی حصول قانون میں ترمیم کرنے کی کوشش ہو یا تین سیاہ زرعی قوانین لانا رہا ہو، انھوں نے ہر طرح سے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔‘‘

کسانوں کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے لکھا ہے کہ ’’کسانوں کو ایم ایس پی کی گارنٹی بھی آج تک نہیں ملی ہے۔ کسانوں کے لیے بازار کو کمزور کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ یہ حکومت کسانوں کو مناسب لاگت کی رقم دینے میں بھی ناکام رہی ہے۔ 14-2004 کی مدت میں کانگریس حکومت کے دوران گیہوں کے ایم ایس پی میں 126 فیصد کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اگر موجودہ حکومت کے ذریعہ کسانوں کو ہی ایم ایس پی فراہم کیا جاتا تو آج انھیں فی کوئنٹل گیہوں کی قیمت 3277 روپے مل رہی ہوتی نہ کہ موجودہ وقت میں جو مل رہا ہے، یعنی 2275 روپے۔‘‘ جئے رام رمیش آگے لکھتے ہیں ’’کسان قرض کے بھنور میں پھنستے جا رہے ہیں۔ 2013 سے کسانوں کے اوپر قرض میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس سے ان کی حالت بے حد خراب ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم فصل بیمہ منصوبہ کے تحت بیمہ کروانے والے لاکھوں کسانوں کو ان کے کلیم کی ادائیگی میں تاخیر کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کے اپنے ہی اعداد و شمار کے مطابق 22-21 میں تقریباً 2761 کروڑ روپے کے کلیم زیر التوا تھے۔‘‘

اپنے پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش نے لکھا ہے کہ ’’2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے بڑے بڑے دعووں اور تقریروں کی آڑ میں کسانوں کی حقیقت کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔ حقیقت یہ ہے کہ کسان ایک باعزت زندگی بھی نہیں گزار پا رہے ہیں۔ وہ قرض میں ڈوبے ہیں اور انھیں ان کی فصلوں کے نقصان کے لیے بیمہ کی رقم بھی نہیں مل رہی ہے۔‘‘


Share: